روہی نیوز

گوگل کے دو نئے اے آئی ماڈلز متعارف، سائبر سیکیورٹی اور ورچوئل دنیا پر توجہ

کمپنی نے محض دو ہفتے قبل بھی نئے اے آئی ماڈلز پیش کیے تھے

علی حیدر

سوشل میڈیا

شائع ہوا · 2 منٹ کا مطالعہ

2.jpg

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے مصنوعی ذہانت کے دو نئے ماڈلز، ’جیمنائی 4 کاربن‘ اور ’جینی 4‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی نے اس سے محض دو ہفتے قبل بھی نئے اے آئی ماڈلز پیش کیے تھے۔ تازہ پیش رفت میں ایک ماڈل کو سائبر سکیورٹی کے کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ دوسرا ڈیجیٹل دنیا تخلیق کرنے اور اسے چلانے کی صلاحیتوں پر توجہ دیتا ہے۔

گوگل کے مطابق جیمنائی 4 کاربن اس کا اب تک کا جدید ترین اے آئی ماڈل ہے۔ کمپنی کے دعوے کے مطابق بینچ مارک ٹیسٹوں میں اس نے جیمنائی 4 آرگون اور اوپن اے آئی کے جی پی ٹی 6 آسٹرا سمیت بعض دوسرے ماڈلز سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ اس ماڈل کو خاص طور پر سائبر سکیورٹی ماہرین کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ کمپیوٹر سسٹمز میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے کام میں اسے استعمال کرسکیں۔

دوسری جانب جینی 4 ایک ’ورلڈ ماڈل‘ ہے، جس کا مقصد حقیقی یا خیالی ماحول کی نقل پر مبنی ڈیجیٹل دنیائیں تخلیق کرنا ہے۔ عام چیٹ بوٹس صارف کے سوال کے جواب میں اگلے الفاظ کی پیش گوئی کرتے ہیں، جبکہ ورلڈ ماڈلز کسی ماحول، اس کے عناصر اور ان کے باہمی تعاملات کو ماڈل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسی ٹیکنالوجی روبوٹکس، ورچوئل ماحول اور ویڈیو گیمز کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں کام آسکتی ہے۔

جینی 4 میں آڈیو کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔ اس کے ذریعے ڈویلپرز تیار کردہ ڈیجیٹل دنیا میں پس منظر کی آوازیں اور مکالمے شامل کرسکیں گے، جس سے ان ماحول کو زیادہ حقیقی اور متحرک بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

فی الحال یہ دونوں ماڈلز عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ گوگل کے مطابق جیمنائی 4 کاربن تک رسائی منتخب سائبر سکیورٹی ماہرین کو دی جارہی ہے۔ عام صارفین اور ڈویلپرز کے لیے ان ماڈلز کی وسیع پیمانے پر دستیابی کے بارے میں ابھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔