50 گائیں کینیا سے ہوائی سفر کرکے لاگوس پہنچ گئیں
کینیا ایئرویز کے کارگو ڈویژن نے اس منفرد پرواز کو مزاحیہ انداز میں ’وی آئی کیٹل‘ کا نام دیا
فضائی نقل و حمل کی دنیا میں ایک غیر معمولی آپریشن کے دوران کینیا سے 50 سے زائد اعلیٰ نسل کی دودھ دینے والی گائیں خصوصی کارگو پرواز کے ذریعے نائیجیریا کے شہر لاگوس پہنچائی گئیں۔
کینیا ایئرویز کے کارگو ڈویژن نے اس منفرد پرواز کو مزاحیہ انداز میں ’وی آئی کیٹل‘ کا نام دیا، جس میں مویشیوں کو عام سامان کے بجائے خصوصی انتظامات کے تحت منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ان گایوں کو کینیا کے الدورت ایئرپورٹ سے بڑے دھاتی پنجرے نما کریٹس میں طیارے پر سوار کیا گیا۔ اس سفر کے لیے ایک صارف نے پورا کارگو طیارہ چارٹر کیا تھا، یعنی یہ معمول کی مال بردار پرواز نہیں بلکہ جانوروں کی منتقلی کے لیے خصوصی انتظام تھا۔
کینیا ایئرویز کارگو نے سوشل میڈیا پر اس آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ٹریفک کو راستہ دیا جائے، کیونکہ ان کے وی آئی پی مویشی سرسبز چراگاہوں کی تلاش میں فضائی سفر کررہے ہیں۔ ایئرلائن نے اپنے عملے اور اس صارف کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے جانوروں کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے لیے اس کی خصوصی لائیو اینیمل ٹرانسپورٹ سروس پر اعتماد کیا۔
یہ مویشی کینیا کے علاقے اواسن گیشو کے چھوٹے فارمز سے حاصل کیے گئے تھے، جو اعلیٰ نسل کے جانوروں کے لیے مشہور ہے۔ بھیجی جانے والی گایوں میں ’آئیرشائر‘ نسل کی حاملہ مادہ گائیں بھی شامل تھیں، جنہیں مشرقی افریقہ میں اچھی جینیاتی خصوصیات رکھنے والے مویشیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان گایوں کو نائیجیریا منتقل کرنے کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر دودھ کی پیداوار بڑھانے اور وہاں کے کسانوں کی مدد کرنا بتایا گیا ہے۔ اس طرح کی منتقلی سے مقامی ڈیری فارمنگ کو بہتر بنانے اور دودھ کی پیداوار میں اضافے کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔