ٹرمپ کی چین میں کم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان، امریکی صدر نے بڑا اشارہ دے دیا
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت (2017ء تا 2021ء) کے دوران کم جونگ اُن سے کئی مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے چین کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو صدر ٹرمپ کے مشرقی ایشیا کے دورے میں ایک بڑی سفارتی پیش رفت ہوسکتی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے پیر کو وائٹ ہاؤس سے فلپائن اور چین روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین میں کم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان موجود ہے، تاہم اس کا انحصار چینی صدر شی جن پنگ پر ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ شی جن پنگ سے ملاقات کے علاوہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی بات چیت متوقع ہے اور ممکن ہے کہ کم جونگ اُن سے بھی ملاقات ہوجائے۔ ان کے بقول، اس دورے کے دوران کئی اہم معاملات پر پیش رفت کا موقع مل سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت (2017ء تا 2021ء) کے دوران کم جونگ اُن سے کئی مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں ایک تاریخی موقع وہ بھی تھا جب ٹرمپ نے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھا تھا۔
ٹرمپ اپنے موجودہ دورِ صدارت میں بھی کم جونگ اُن سے دوبارہ ملاقات کی خواہش ظاہر کرتے رہے ہیں، تاہم امریکی حکام پہلے کہہ چکے ہیں کہ فی الحال ایسی ملاقات کا کوئی فوری منصوبہ موجود نہیں۔
ماضی میں بھی ٹرمپ نے کم جونگ اُن سے ممکنہ ملاقاتوں کے اشارے دیے تھے، لیکن وہ ملاقاتیں عملی شکل اختیار نہیں کرسکیں۔
رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے عوامی سطح پر اشارہ دیا ہے کہ فی الحال اس کا امریکی صدر سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں۔ اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے بھی اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔
ٹرمپ کے دورۂ چین کے دوران شی جن پنگ اور پیوٹن سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ تاہم امریکی حکام اور تجزیہ کاروں نے ان ملاقاتوں سے کسی بڑے معاہدے یا اہم پیش رفت کی توقعات کو محدود قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ مذاکرات میں یوکرین پر روسی حملے، جوہری پھیلاؤ کی روک تھام اور ایران کے ساتھ جاری جنگ سمیت اہم عالمی معاملات زیرِ بحث آسکتے ہیں۔