ٹرمپ کا ووٹر فراڈ کی اطلاع دینے والوں کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان
ٹرمپ نے یہ اعلان انتخابات سے تقریباً ایک ہفتہ قبل کیا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص ماضی کے انتخابات یا آئندہ 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں ووٹر فراڈ کی ایسی اطلاع دے گا جس کے نتیجے میں ملزم کی گرفتاری اور سزا ہو، اسے 10 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے یہ اعلان انتخابات سے تقریباً ایک ہفتہ قبل کیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ماضی کے انتخابات یا آنے والے وسط مدتی انتخابات میں ووٹر فراڈ کی اطلاع دینے والے شخص کو متعلقہ افراد کی گرفتاری اور سزا کے بعد ایک ملین ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ اطلاعات کہاں جمع کرائی جائیں گی، ان کی تحقیقات کون کرے گا اور انعام کی رقم کس حکومتی ادارے کے ذریعے ادا کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کا کنٹرول داؤ پر لگا ہوا ہے۔
رائٹرز کے مطابق رائے عامہ کے جائزے ری پبلکن پارٹی کے لیے انتخابات کو مشکل قرار دے رہے ہیں، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ عرصے میں انتخابی نگرانی اور ووٹر رجسٹریوں کی جانچ میں وفاقی حکومت کا کردار بڑھایا ہے۔
ٹرمپ ماضی میں بھی امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے دعوے کرتے رہے ہیں، خصوصاً 2020 کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے، تاہم ان دعوؤں کی وسیع پیمانے پر تصدیق نہیں ہوئی۔