ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ایوارڈ یافتہ موسیقار جوڑی کی تین سالہ شادی اختتام پذیر
قانونی دستاویزات میں مارگریٹ کوالی کو درخواست گزار جبکہ جیک اینٹونوف کو فریقِ مخالف ظاہر کیا گیا ہے
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ مارگریٹ کوالی اور 14 مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والے موسیقار جیک اینٹونوف نے تین سالہ ازدواجی زندگی کے بعد طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق جوڑے نے جمعے کے روز نیویارک کی کنگز کاؤنٹی سپریم کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی۔
قانونی دستاویزات میں مارگریٹ کوالی کو درخواست گزار جبکہ جیک اینٹونوف کو فریقِ مخالف ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ غیر متنازع ازدواجی کارروائی کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات رواں سال جولائی میں ایک دوسرے سے علیحدہ ہوگئی تھیں تاہم ان کے نمائندوں نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
32 سالہ مارگریٹ کوالی فلم ’دی سبسٹینس‘ اور ’ونس اپون اے ٹائم اِن ہالی وڈ‘ میں اپنی اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔
42 سالہ جیک اینٹونوف معروف گیت نگار اور میوزک پروڈیوسر ہیں جنہوں نے ٹیلر سوئفٹ، لینا ڈیل رے اور سبرینا کارپنٹر سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ میوزک بینڈ بلیچرز کے رکن بھی ہیں۔
دونوں نے 2021 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا اور اگست 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔