ریڈ جائنٹ ستاروں کی تباہی سے بچ جانے والے تین سیارے دریافت
سائنس دانوں کے مطابق موجودہ نظریات کی روشنی میں ان سیاروں کو اپنے میزبان ستاروں میں ضم ہوجانا چاہیے تھا
چینی سائنس دانوں نے نظامِ شمسی سے باہر تین ایسے سیارے دریافت کیے ہیں جو اپنے ستاروں کے ریڈ جائنٹ بننے کے باوجود تباہی سے بچ گئے۔
سائنس دانوں کے مطابق موجودہ نظریات کی روشنی میں ان سیاروں کو اپنے میزبان ستاروں میں ضم ہوجانا چاہیے تھا۔
یہ حیران کن دریافت چین کی یونیورسٹی آف یوننان کے پروفیسر چیان شینگ بانگ کی سربراہی میں تحقیقی ٹیم نے کی۔
تحقیق میں 24Boo ،HD12648 اور TYC4282-605-1 نامی تین سیاروں کا جائزہ لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق جب ستارے کے مرکز میں ہائیڈروجن ختم ہوتی ہے تو وہ پھیل کر ریڈ جائنٹ بن جاتا ہے اور اس کا حجم لاکھوں گنا بڑھ سکتا ہے۔
اس دوران قریبی سیارے ستارے میں نگل لیے جاتے ہیں یا اس کی کششِ ثقل کے باعث تباہ ہوجاتے ہیں۔
تاہم، دریافت ہونے والے تینوں سیارے نظریاتی طور پر خطرے کے علاقے میں ہونے کے باوجود آج بھی اپنے مدار میں موجود ہیں۔
محققین نے میزبان ستاروں کی روشنی میں معمولی تبدیلیوں کا تجزیہ کرکے ان کی ارتقائی کیفیت کی تصدیق کی۔
پروفیسر چیان شینگ بانگ کے مطابق بیک وقت تین ایسے سیاروں کی دریافت کسی اتفاق کے بجائے مشترکہ طبعی عمل کی نشاندہی کرتی ہے۔
اس دریافت سے سیاروں اور ستاروں کے ارتقا سے متعلق موجودہ سائنسی نظریات میں نئی تحقیق اور امکانات کی راہیں کھل گئی ہیں۔