روہی نیوز

وزیراعظم کا پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہار مسرت، اہم سفارتی سنگِ میل قرار دے دیا

وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزارتِ خزانہ کی ٹیم کی محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا

علی حیدر

سوشل میڈیا

شائع ہوا · 1 منٹ کا مطالعہ

41.png

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہار مسرت کیا اور  اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کے اعتراف کا اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا ہے، جو عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گا۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کے مؤثر کردار اور ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی قیادت میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ G-24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے منصفانہ مالی معاونت اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع کے فروغ کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔