پی ٹی آئی کے ڈاکٹر امجد علی کے 13 سال میں 51 مرتبہ بیرونِ ممالک سفر پر تحقیقات شروع
اسلام آباد:
سوات سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ڈاکٹر امجد علی کا گزشتہ 13 سال کے دوران 51 مرتبہ بیرونِ ممالک سفر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق 2013 کے انتخابات سے قبل ڈاکٹر امجد علی صرف 3 مرتبہ بیرونِ ملک گئے تاہم 2013 کے انتخابات اور اقتدار میں آنے کے بعد 2024 تک ڈاکٹر امجد علی نے بیرونِ ممالک کے 49 دورے کیے۔
مستند دستاویزات کے مطابق اقتدار میں آنے کے بعد ڈاکٹر امجد علی کے بیرونِ ممالک سفر کا سلسلہ مسلسل جاری رہا، ہر تین ماہ بعد بیرونِ ملک سفر کی ٹریول ہسٹری نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل ڈاکٹر امجد علی سوات میں معمولی پنساری تھا، بیرونِ ملک کاروبار اور رشتہ دار نہ ہونے کے باوجود ڈاکٹر امجد علی کے بار بار غیر ملکی دوروں کے مقاصد کیا تھے جس پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن کے بعد بیرونِ ملک مبینہ بے نامی جائیدادوں کی خریداری اور منشیات اسمگلنگ سے متعلق چھان بین کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امجد علی کے سفری ریکارڈ میں بحرین، متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، چین، امریکہ، ترکی، آسٹریلیا اور برطانیہ شامل ہیں، انکے بیرونِ ملک بار بار سفر کرنے کے مقاصد اور ان دوروں پر آنے والے اخراجات سے متعلق سوالات تاحال جواب طلب ہیں۔