روہی نیوز

نیتن یاہو کا ٹرمپ پر ایران کے خلاف مشترکہ حملے کے لیے دباؤ، امریکی انتظامیہ میں اختلافات

اسرائیلی ٹی وی چینل 15 نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران پر حملے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں

علی حیدر

سوشل میڈیا

شائع ہوا · 1 منٹ کا مطالعہ

32.jpg

 اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی کریں اور اس کا آغاز امریکی وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد کیا جائے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں ایران سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ انتظامیہ کے بعض عہدیدار تہران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حامی ہیں، جبکہ دوسرے حکام ایران پر مزید فوجی حملوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی چینل 15 نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران پر حملے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

چینل کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام کا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ براہِ راست جنگ شروع ہونے کی صورت میں لبنان کی تنظیم حزب اللہ بھی محاذ کھول سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسی خدشے کے پیش نظر اسرائیلی فوج شمالی محاذ سے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں کا بیک وقت سامنا کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہے۔

تاہم ایران پر کسی ممکنہ مشترکہ حملے کے حوالے سے امریکا یا اسرائیل کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ فی الحال یہ اطلاعات میڈیا رپورٹس اور متعلقہ ذرائع کے دعووں پر مبنی ہیں۔