بھارتی کامیڈین سمے رائنا ایک بار پھر مبینہ گرل فرینڈ میدھا شنکر کے ساتھ نظر آگئے
ویڈیو میں سمے رائنا نیلی ٹی شرٹ جبکہ میدھا شنکر سیاہ لباس میں نظر آرہی ہیں۔
بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا اور اداکارہ میدھا شنکر ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آنے کے بعد اپنے مبینہ تعلقات کے باعث خبروں کی زینت بن گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کو 15 نومبر کی شام ممبئی کے ایک کیفے میں دیکھا گیا جہاں سے ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں سمے رائنا نیلی ٹی شرٹ جبکہ میدھا شنکر سیاہ لباس میں نظر آرہی ہیں۔
اس سے قبل میدھا شنکر نے سمے رائنا کے گھر منعقدہ دیوالی پارٹی میں بھی شرکت کی تھی جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں مزید پھیل گئیں۔
حال ہی میں دونوں کی دسمبر میں شادی کی خبریں بھی سامنے آئیں جن پر سمے رائنا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دسمبر میں ان کا بھارت کا دورہ ہے، اس لیے شادی ملتوی کرنا پڑے گی۔ میدھا نے بھی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مزاحیہ ردعمل دیا تھا۔
سمے رائنا نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی گرل فرینڈ کا ذکر ضرور کیا تھا، تاہم انہوں نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔ دونوں فنکاروں نے تاحال ایک دوسرے کے ساتھ رومانوی تعلق کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔